نئی دہلی ،21اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) پنجاب میں کابینہ توسیع کو لے کر ٹانڈا اسمبلی کے ممبر اسمبلی سنگت سنگھ نے کانگریس پارٹی کے تمام عہدوں سے استعفی دے دیا ہے۔وہیں کئی اور ایسے رکن اسمبلی ہیں جو فی الحال اس کابینہ توسیع سے ناراض ہیں۔سلطان پور لودھی سے رکن اسمبلی نوتیج چیما نے کہا کہ وہ کابینہ میں ردوبدل سے ناراض ہیں، لیکن پارٹی ہائی کمان کا حکم مانیں گے۔چیما نے کہا کہ جس طریقے سے دوابا علاقے کو نظر انداز کیاگیا ہے وہ افسوسناک ہے۔ساتھ ہی انہوں نے صاف کیا کہ وہ کابینہ توسیع میں نہیں جائیں گے۔ پنجاب کانگریس کے سینئر لیڈر اور امرتسر سے رکن اسمبلی راجکمار ویرکا نے بھی دبی زبان میں اپنی ناراضگی ظاہر کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب اپنوں سے زخم ملتا ہے تو اس کے علاج کے لئے غیروں کے پاس نہیں جایا جاتا۔راجکمار ویرکا پارٹی کے دلت چہروں میں سے ایک ہیں اور پنجاب میں تقریباً 35 فیصددلت ووٹ بینک ہونے کے باوجود کیپٹن امریندر سنگھ کی کابینہ میں ایک بھی دلت وزیر نہیں ہیں۔راجکمارویرکا نے کہا کہ انہیں وزیر کا عہدہ نہ ملنے سے کوئی ناراضگی نہیں ہے، لیکن جس طرح سے دلت طبقے کو قیادت نہیں دی گئی تو اسے لے کر وہ اس طبقے کی ناراضگی کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔ راجکمارویرکا نے دعوی کیا کہ کابینہ توسیع میں پارٹی میں عدم اطمینان ضرور ہوا ہے، لیکن یہ اعلی کمان اس مسئلے کو جلد ہی سلجھا لے گا۔